عورتیں وضو میں سر کا مسح کس طرح کریں؟کیا مردوں کی طرح یہ بھی گدی سے ہاتھ پیشانی پر واپس لائیں؟

عورتیں وضو میں سر کا مسح کس طرح کریں؟
کیا مردوں کی طرح یہ بھی گدی سے ہاتھ پیشانی پر واپس لائیں؟

مسئلہ: از عبدالمبین نعمانی۔ ذاکر نگر۔ جمشید پور۔
عورتیں وضو میں سر کا مسح کس طرح کریں؟ کیا مردوں کی طرح یہ بھی گدی سے ہاتھ پیشانی پر واپس لائیں؟
الجواب: وضو میں سر کے مسح کا مستحب طریقہ دو طرح ہے: اوّل یہ کہ پوری ہتھیلیاں انگلیوں کے سرے تک تر کر کے پھر انگوٹھے اور کلمے کی انگلی کے سوا ایک ہاتھ کی باقی تین انگلیوں کا سرا دوسرے ہاتھ کی باقی تین انگلیوں کے سرے سے ملائے اور پیشانی کے بال یا کھال پر رکھ کر گدی تک مسح کرتا ہوا اس طرح لے جائے کہ ہتھیلیاں سر سے جدا رہیں پھر وہاں سے ہتھیلیوں سے مسح کرتا ہوا آگے تک واپس لائے۔
جیسا کہ جوہرہ نیرہ عنایہ اور کفایہ میں ہے: اوللفظ للکفایۃ کیفیتہ ان یضع من کل واحدۃ من الیدین ثلاث اصابع علی مقدم راسہ ولایضع الابھام والمسبحۃ ویجافی کفیہ ویمدھما الی القفاثم یضع کفیہ علی مؤخرراسہ ویمدھما الی المقدم ا ھ۔
فتاویٰ رضویہ میں مسح کے اس طریقے کو بہتر فرمایا اور بہار شریعت میں اسی طریقہ کو بیان کیا گیا‘ اور مسح کا دوسرا مستحب طریقہ یہ ہے کہ سب انگلیاں سر کے حصے پر رکھے اور ہتھیلیاں سر کی کروٹوں پر اور ہاتھ جمائے ہوئے گدی تک کھینچتا لے جائے بس۔
جیسا کہ فتاویٰ قاضی خاں اور عالمگیری میں ہے:
: واللفظ للھندیۃ یضع کفیہ واصابعہ علٰی مقدم راسہ ویمدھما الی قفاہ علی وجہ یستوعب جمیع الراس ا ھ۔
۔ شرح نقایہ اور عمدۃ الرعایہ میں اسی دوسرے طریقہ پر جزم کہا‘ اور فتاویٰ رضویہ میں فرمایا کہ سر کے مسح میں ادائے سنت کو یہ طریقہ بھی کافی ہے۔
ردالمحتار اور بحر الرائق میں ہے:
: قال الزیلعی تکلموا فی کیفیۃ المسح والاظھر ان یضع کفیہ واصابعہ علٰی مقدم راسہ ویمدھما الی القفا علٰی وجہ یستوعب جمیع الراس ا ھ۔ طحاوی علی المراقی میں فرمایا وقال الزاھدی ھٰکذا روی عن ابی حنیفۃ ومحمد رحمھما اللہ تعالٰی ا ھ۔

لہذا عورتیں اور مرد بھی اگر پوری انگلیاں اور ہتھیلیاں سر کے اگلے حصے پہ جما کر گدی تک لے جائیں اور پھر ہاتھ پیشانی پر واپس نہ لائیں تو ادائے مستحب کے لیے یہ طریقہ بھی کافی ہے۔
و ھو تعالی اعلم بالصواب

کتبہ: جلال الدین احمد الامجدی
یکم شعبان المعظم ۱۳۹۹ھ؁
(فتاوی فیض الرسول،ج:۱،ص:۱۶۱)
ناشر
جلال الدین احمد امجدی نعیمی ارشدی خادم جامعہ گلشن فاطمہ للبنات پیپل گاؤں نائیگاؤں ضلع ناندیڑ مہاراشٹر الھند

Share and Enjoy !

Shares
Scroll to Top