مقتدی چھوٹی ہوئی رکعت پڑھے تو اس میں سورۂ فاتحہ کے ساتھ کوئی اور سورت ملائے یا نہیں؟
مسئلہ: از فقیر ابوالقمر غلام رضویؔ قادریؔ موتی گنج گونڈہ۔
چار رکعت فرض کی نماز امام نے شروع کر دی اور دو رکعتیں ہو چکیں کوئی تیسری رکعت میں شامل ہو دو رکعتیں تو امام کے ساتھ پوری کیں مگر جب چھوٹی ہوئی رکعت پڑھے تو اس میں سورۂ فاتحہ کے ساتھ کوئی اور سورت ملایا جائے یا نہیں؟
الجواب: پہلی اور دوسری رکعت یا صرف پہلی رکعت چھوٹ جانے کی صورت میں امام کے سلام پھیرنے کے بعد جب مقتدی اپنی چھوٹی ہوئی رکعت پوری کرے گا تو اس میں سورۂ فاتحہ کے ساتھ دوسری سورت ملانا واجب ہے۔ اگر بھول کر چھوڑ دے گا تو سجدۂ سہو لازم ہو گا‘ اور اگر قصداً جان بوجھ کر چھوڑ دے گا تو نماز کا اعادہ واجب ہو گا۔ درمختار میں ہے: ھو منفرد و یقضی اوّل صلاتہ فی حق قراء ۃ۔ وھو تعالٰی اعلم
کتبہ: جلال الدین احمد الامجدیؔ
۲۴؍ جمادی الاولیٰ ۱۳۸۹ھ
(فتاوی فیض الرسول،ج:۱،ص:۲۴۳)
ناشر
جلال الدین احمد امجدی نعیمی ارشدی خادم جامعہ گلشن فاطمہ للبنات پیپل گاؤں نائیگاؤں ضلع ناندیڑ مہاراشٹر الھند