پیسے کے لالچ میں نس بندی کرانے والے کے پیچھے نماز پڑھنا کیسا ہے؟
نسبندی کرانے والا نماز کی صف میں داخل ہو تو لوگوں کی نمازوں میں کچھ خلل واقع ہو گا یا نہیں
مسئلہ: از صغیر احمد، پوسٹ و مقام بہادر پور بازار ضلع بستی
زید نے اپنی خوشی سے پیسے کے لالچ میں نس بندی کرائی تو زید کے پیچھے نماز پڑھنا اور اس کے جنازے کی نماز پڑھنا کیسا ہے؟ اور زید اگر نماز کی صف میں داخل ہو تو لوگوں کی نمازوں میں کچھ خلل واقع ہو گا یا نہیں؟
الجواب، الھم ھدایۃ الحق والصواب زید گنہگار ہوا اس کے اوپر توبہ و استغفار لازم ہے‘ اور بعد توبہ اس کے پیچھے نماز پڑھنا جائز ہے‘ اور اس کے جنازہ کی نماز پڑھنا مسلمانوں پر واجب ہے‘ اور اس کا نماز کی صف میں کھڑا ہونالوگوں کی نماز میں خلل پیدا نہیں کرے گا کہ زنا کرنے والے‘ شراب پینے والے‘ جوا کھیلنے والے‘ سود کھانے والے‘ والدین کی نافرمانی کرنے والے‘ اور اس قسم کے دوسرے گناہ کبیرہ جن کی حرمت نصوص قطعیہ سے ثابت ہے ان کے مرتکب کی نماز جنازہ پڑھنا مسلمانوں پر واجب ہے ان کے صف میں کھڑے ہونے سے لوگوں کی نمازوں میں خلل نہیں ہوتا تو نس بندی کرنے والے کی نماز جنازہ پڑھنا بھی واجب ہو گا اور اس کے صف میں کھڑے ہونے سے لوگوں کی نمازوں میں خلل نہیں واقع ہو گا۔ وھو تعالٰی اعلم
کتبہ:جلال الدین احمد الامجدی
۲۴؍ ذی الحجہ ۱۳۹۷ھ
(فتاوی فیض الرسول،ج:۱،ص:۲۹۸)
ناشر
جلال الدین احمد امجدی نعیمی ارشدی خادم جامعہ گلشن فاطمہ للبنات پیپل گاؤں نائیگاؤں ضلع ناندیڑ مہاراشٹر الھند