مصلیوں اور دیگر مسلمانوں کا اخلاق مؤذن کے ساتھ کیسا ہونا چاہئے؟
مسئلہ: از صدر الدین متعلم دارالعلوم فیض الرسول براؤں شریف۔
ایک شخص ایک مسجد میں مؤذن ہے جب کبھی اس مؤذن سے غلطی سرزد ہو جاتی ہے تو لوگ باری باری اس مؤذن کو ڈانٹتے ہیں پھٹکارتے ہیں دریافت طلب یہ امر ہے کہ مصلیوں اور دیگر مسلمانوں کا اخلاق مؤذن کے ساتھ کیسا ہونا چاہئے؟ تحریر فرمائیں۔ بینوا توجروا
الجواب: اللہ جل وعلا و سیّد عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک مؤذن بڑی فضیلت والا ہے چنانچہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے: قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم الامام ضامن والمؤذن مؤتمن اللھم ارشد الائمۃ واغفرللمؤذنین رواہ احمد و ابوداؤد والترمذی۔ یعنی حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: امام ضامن ہے‘ اور مؤذن امانت دار ہے اے اللہ !تو ہدایت دے اماموں کو اور بخش دے اذان دینے والوں کو۔ (احمد، ابوداؤد، ترمذی) اور حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:
قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم من اذن سبع سنین محتسباً کتب لہ براء ۃ من النار (رواہ الترمذی و ابن ماجہ)
یعنی فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ جو شخص خالصاً لوجہ اللہ سات برس اذان کہے اس کے لئے دوزخ سے نجات لکھی جاتی ہے (ترمذی، ابن ماجہ) اور حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہا فرماتے ہیں:
ان رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال من اذن ثنتی عشرۃ سنۃ وجبت لہ الجنۃ وکتب لہ… وفی کل یوم ستون حسنۃ ولکل اقامۃ ثلثون حسنۃ (رواہ ابن ماجہ)
یعنی بیشک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص بارہ برس اذان دے اس کے لئے جنت واجب ہو جاتی ہے‘ اور اس کے اذان دینے کے بدلے ہر دن ساٹھ نیکیاں اور ہر تکبیر کے بدلے تیس نیکیاں لکھی جاتی ہیں (ابن ماجہ) ان احادیث کریمہ سے ثابت ہوا کہ اللہ اور اس کے رسول پیارے مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک مؤذن بڑی اہمیت اور فضیلت والا ہے تو مؤذن کی بے قدری و تذلیل اللہ ورسول جل جلالہ و صلی المولیٰ تعالیٰ کی ناراضگی کا سبب ہو گا۔ لہٰذا ہر نمازی بلکہ ہر مسلمان کو مؤذن کی عزت کرنا ضروری ہے ہاں اگر مؤذن سے کوئی غلطی یا لغزش ہو جائے تو کوئی ایک مقتدر مصلی مناسب طریقہ سے متنبہ کر دے ہر شخص ڈانٹنے پھٹکارنے پر آمادہ نہ ہو جائے کہ اس میں مؤذن کو اذیت ہو گی۔ واللّٰہ اعلم بالصواب۔ والیہ المرجع الماب
کتبہ: جلال الدین احمد الامجدیؔ
۵؍ جمادی الاخری ۷۹ھ
(فتاوی فیض الرسول،ج:۱،ص:۲۲۷/۲۲۶)
ناشر
جلال الدین احمد امجدی نعیمی ارشدی خادم جامعہ گلشن فاطمہ للبنات پیپل گاؤں نائیگاؤں ضلع ناندیڑ مہاراشٹر الھند