نسبندی کرانے والے کی امامت اور اس کی نماز جنازہ پڑھنا کیسا؟
مسئلہ: از صغیر احمد پوسٹ و مقام بہادر پور۔ ضلع بستی۔
زید نے اپنی خوشی سے پیشہ کی لالچ میں نس بندی کرا لی تو زید کے پیچھے نماز پڑھنا اور اس کے جنازہ کی نماز پڑھنا کیسا ہے؟ اور زید اگر نماز کی صف میں داخل ہو تو لوگوںکی نمازوں میں کچھ خلل واقع ہو گا یا نہیں؟
الجواب: زید گنہگار ہوا اس کے اوپر توبہ و استغفار لازم ہے‘ اور بعد توبہ اس کے پیچھے نماز پڑھنا جائز ہے‘ اور اس کے جنازہ کی نماز پڑھنا مسلمانوں پر واجب ہے‘ اور اس کا نماز کی صف میں کھڑا ہونا لوگوں کی نمازوں میں خلل نہیں پیدا کرے گا کہ زنا کرنے والے، شراب پینے والے، جوا کھیلنے والے‘ سود کھانے والے، والدین کی نافرمانی کرنے والے، اور اس قسم کے دوسرے گناہ کبیرہ جن کی حرمت نص قطعی سے ثابت ہے ان کے مرتکب کی نماز جنازہ پڑھنا مسلمانوں پر واجب ہے‘ اور ان کے صف میں کھڑے ہونے سے لوگوں کی نمازوں میں خلل نہیں واقع ہوتا تو نس بندی کرانے والے کی نماز جنازہ پڑھنا بھی واجب ہو گا۔ ا ور اس کے صف میں کھڑے ہونے سے لوگوں کی نمازوں میں خلل نہیں واقع ہو گا۔ ھٰذا ماعندی والعلم عنداللّٰہ تعالٰی ورسولہٗ جل جلالہ وصلی اللّٰہ علیہ وسلم۔
کتبہ: جلال الدین احمد الامجدیؔ
(فتاوی فیض الرسول،ج:۱،ص:۲۸۳)
ناشر
جلال الدین احمد امجدی نعیمی ارشدی خادم جامعہ گلشن فاطمہ للبنات پیپل گاؤں نائیگاؤں ضلع ناندیڑ مہاراشٹر الھند