کیا غسل کے وضو سے نماز قرآن مجید وغیرہ پڑھ سکتے ہیں؟
KYA GUSUL KE WAZU SE NAMAAZ QURAAN MAJEED WAGAIRAH PADH SAKTE HAIN YA NAHI?
क्या गुसल के वजू से नमाज़ क़ुरआन मजीद वगैराह पढ़ सकते हैं या नहीं?
*السّلام علیکم ورحمتہ وبرکاتہ*
*کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ جو بوقت غسل وضو کیا جاتا ہے کیا وہ نماز و غیرہ کے لیے کافی ہے یا دوسرا وضو کرنا پڑے گا
قرآن و احادیث کی روشنی میں جواب عنایت فرما کر شکریہ کا موقع دیں تو بہت مہربانی ہوگی*
*طالب دعا*
*فقیر قادری محمد یوسف رضا پنجاری مقام مانجرم تعلقہ ناىیگاؤں ضلع ناندیڑ مہاراشٹرا*
الجواب
اس کے متعلق حکم شرعی یہ ہے کہ
بعد غسل نماز کے لیے دوبارہ وضو کرنے کی ضرورت نہیں جب کہ غسل کے بعد کوئی حدث لاحق نہ ہوا ہو۔
جیسا کہ حدیث شریف میں ام المومنین
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ:
عن عائشة رضي الله تعالى عنها قالت كان النبي صلى الله عليه وسلم لا يتوضأ بعد
الغسل
یعنی:حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ فرماتی ہیں کہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم غسل کے بعد وضو نہیں فرماتے۔
(مشکوۃ:باب الغسل،ص:۴۸)
اور دوسری حدیث میں ہے:
من توضأ بعد الغسل فليس منا
یعنی:حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو غسل کے بعد وضوکرے تو وہ میرے طریقہ پرنہیں۔
( کنز العمال،حدیث نمبر: ۲۲۲۴۹،ج:۹)
شیخ الحدیث فقیہ اعظم حضرت علامہ مولانا الحاج ابو الخیر محمد نور اللہ صاحب النعیمی القادری رحمۃ اللہ تبارک و تعالی علیہ سے سوال ہوا کہ کیا بوقت غسل وضو کرنا جائز ہے؟اور اسی وضو سے نماز ادا کرنا یا تلاوت قرآن مجید کرنا جائز ہے یا نہیں؟ اس کے جواب میں تحریر فرماتے ہیں کہ:
بوقت غسل وضو کرنا سنت غسل کما فی احادیث البخاری و مسلم اور جب شرعا ہو گیا تو نماز اور تلاوت قرآن پاک ہاتھ لگا کر یقینا جائز ہوگی بلکہ شرعا غسل کا نام طہارت کبری ہے یعنی سب سے بڑی طہارت کیوں کہ وضو سے غسل بڑا ہے اور جب صرف چھوٹی طہارت سے جائز ہے تو بڑی سے کیوں کر جائز نہ ہو؟
(فتاوی نوریہ،ج:۱،ص:۱۱۳،کتاب الطھارۃ )
اسی طرح کے سوال کے جواب میں عمدۃ المحققین حضرت العلام مولانا مفتی محمد حبیب اللہ نعیمی اشرفی رحمۃ اللہ تبارک و تعالی علیہ تحریر فرماتے ہیں کہ:
ایسی صورت میں بھی غسل کے وضو سے نماز پڑھ سکتا ہے دوسرا نیا وضو کرنالازم و ضروری نہیں۔
(حبیب الفتاوی،ج:۱،ص:۱۱۴،کتاب الطھارۃ)
مذکورہ بالا حوالہ جات سے معلوم ہوا کہ بعد غسل وضو کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور اسی وضو سے نماز قرآن مجید وغیرہ پڑھنا جائز ہے۔
کتبہ:
جلال الدین احمد امجدی رضوی نعیمی ارشدی خادم جامعہ گلشن فاطمہ للبنات پیپل گاؤں نائیگاؤں ضلع ناندیڑ مہاراشٹر الھند