کامل ایمان والا کون ہے؟
مسئلہ: از ملا محمد حسین اوجھا گنج۔ ضلع بستی
کامل ایمان والا کون ہے؟
الجواب: حضور سیّدنا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہر بات کو سچ جاننا اور حضور کی حقانیت کو دل سے ماننا ایمان ہے۔ جو شخص اس بات کا اقرار کرے اسے مسلمان سمجھا جائے گا بشرطیکہ اس کے کسی قول،فعل یا حال سے اللہ و رسول جل مجدہ وصلی اللہ علیہ وسلم کا انکار‘ تکذیب یا توہین نہ پائی جائے پھر جس شخص کے دل میں اللہ و رسول کی محبت تمام لوگوں پر غالب ہو اور اللہ و رسول کے محبوب سے محبت رکھے اگرچہ وہ اپنے دشمن ہوں‘ اور اللہ ورسول کی شان میں گستاخی و بے ادبی کرنے والوں سے دشمنی رکھے‘ اگرچہ وہ اپنے عزیز ترین بیٹے ہی کیوں نہ ہوں‘ اور جو کچھ دے اللہ کے لئے دے اور جو نہ دے اللہ کے لئے نہ دے تو وہ کامل ایمان والا ہے جیسا کہ حدیث شریف میں ہے‘ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: من احب للّٰہ وابغض للّٰہ واعطی للّٰہ ومنع للّٰہ فقد استکمل الایمان یعنی جو شخص اللہ کے لئے محبت رکھے اور اسی کے لئے دشمنی کرے اور اللہ ہی کے لئے دے اور اسی کے لئے روکے تو اس نے اپنا ایمان کامل کر لیا۔
(ابو داؤد، مشکوٰۃ ص ۱۴)
وھو سبحانہ وتعالٰی اعلم بالصواب۔
کتبہ: جلال الدین احمد الامجدی
(فتاوی فیض الرسول،ج:۱،ص:۱۴۴/۱۴۳)
ناشر
جلال الدین احمد امجدی نعیمی ارشدی خادم جامعہ گلشن فاطمہ للبنات پیپل گاؤں نائیگاؤں ضلع ناندیڑ مہاراشٹر الھند