کسی کے انتظار میں نماز مغرب کی تاخیر درست ہے یا نہیں؟کیا سو جانے سے عشاء کا وقت ختم ہو جاتا ہے یا نہیں؟

کسی کے انتظار میں نماز مغرب کی تاخیر درست ہے یا نہیں؟
کیا سو جانے سے عشاء کا وقت ختم ہو جاتا ہے یا نہیں؟

مسئلہ: از قاضی نہال الدین مقیم بارک پار ضلع بستی
اول(۱) مغرب کی نماز میں دوسرے نمازیوں کے وضو کے انتظار میں دیر کرنا صحیح و درست ہے یا نہیں؟
عشاء کے پہلے سونے سے عشاء کا وقت ختم ہو جاتا ہے یا نہیں؟

الجواب: جماعت کے آدمی موجود ہونے پر وقت مستحب سے زیادہ انتظار کی ضرورت نہیں‘ بلکہ بعض دوسرے مقتدیوں کو گراں گزرے تو انتظار منع ہے‘ اور مغرب میں تاخیر کرنی مکروہ ہے پھر جتنی تاخیر ہو گی کراہت بڑھتی جائے گی لہٰذا ایسی صورت میں جماعت کے آدمی موجود ہونے پر دوسرے بعض نمازیوں کے لئے انتظار کرنا اور جماعت کو مؤخر کرنا جائز نہیں حتیٰ کہ اگر خود جماعت تاخیر سے ہونے والی ہو تو تنہا نماز پڑھ لے اور تاخیر کی کراہت سے بچے ھٰکذا فی الفتاویٰ۔
دوم(۲)مغرب کا وقت ختم ہو جانے کے بعد صبح صادق سے پہلے تک عشاء کا وقت ہے۔ لہٰذا اس درمیان میں جب بھی نماز پڑھے خواہ سو کر یا بغیر سوئے نماز ادا ہو جائے گی ہاں نماز عشاء پڑھنے سے پہلے سونا مکروہ ہے چنانچہ حدیث شریف میں ہے: کان یکرہ النوم قبلھا والحدیث بعدھا (متفق علیہ مشکوٰۃ شریف) سرکار اقدس صلی اللہ علیہ وسلم عشاء پڑھنے سے پہلے سونا اور عشاء پڑھنے کے بعد بات چیت کرنا (مکروہ) ناپسند فرماتے تھے۔ پھر دوسری حدیث حضرت امیر المومنین سیّدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کے متن سے مروی ہے آپ نے فرمایا فمن نام فلا نامت عینہ فمن نام فلانامت عینہ فمن نام فلانا مت عینہ (رواہ مالک عن عمر بن الخطاب مشکوٰۃ شریف) یعنی جو شخص عشاء پڑھنے سے پہلے سوئے تو اس کی آنکھیں نہ سوئیں جو سو جائے تو اس کی آنکھیں نہ سوئیں جو سو جائے تو اس کی آنکھیں نہ سوئیں۔ حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے انتہائی غضب میں یہ دعا فرمائی کہ ایسے شخص کو آرام و سکون نصیب نہ ہو۔ بزرگوں نے یہ بھی فرمایا ہے کہ عشاء پڑھنے سے پہلے سونا تنگی رزق اور افلاس پیدا کرتا ہے۔ لہٰذا مسلمانوں کو چاہئے کہ عشاء کی نماز پڑھنے سے پہلے سو کر دینی اور دنیاوی نعمتوں سے محروم نہ ہوں۔ وھو سبحانہ تعالٰی اعلم۔

کتبہ: محمد نعیم الدین عفی عنہ
۲۹؍ ربیع الآخر شریف ۱۳۸۱ھ؁
(فتاوی فیض الرسول،ج:۱،ص:۱۷۸/۱۷۷)
ناشر
جلال الدین احمد امجدی نعیمی ارشدی خادم جامعہ گلشن فاطمہ للبنات پیپل گاؤں نائیگاؤں ضلع ناندیڑ مہاراشٹر الھند

Share and Enjoy !

Shares
Scroll to Top