بیوی سے کہا کہ اگر تونے واٹساپ انسٹال کیا یا استعمال کیا تو تجھے تین طلاق اس سے بچنے کی کیا صورت ہے؟

بیوی سے کہا کہ اگر تونے واٹساپ انسٹال کیا یا استعمال کیا تو تجھے تین طلاق اس سے بچنے کی کیا صورت ہے؟

السلام علیکم ورحمتہ اللہ تعالیٰ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام
اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید نے اپنی بیوی سے کہا کہ اگر تونے کبھی بھی واٹس ایپ انسٹال کی اور استعمال کی تو تجھے تین طلاق ہے۔اب وہ چاہتا ہے کہ اس کی بیوی واٹس ایپ انسٹال کریں اور واٹس ایپ استعمال کریں تو اس صورت میں زید اپنے قول سے رجوع کر سکتا ہے یا نہیں ؟۔۔۔
اور اگر رجوع کر سکتا ہے تو اسکی کیا صورت ہے۔۔۔۔؟
تشفی بخش جواب عنایت فرمائیں مع حوالہ
السائل :حافظ محمد عالمگیر قادری ممبئی*
الجواب بعون الملک الوھاب
تین طلاق سے بچنے کا حیلہ یہ ہے زید اپنی بیوی کو ایک طلاق بائن دے دےجب عدت گذرجائے اورعورت نکاح سے نکل جائے تواس وقت واٹس ایپ انسٹال کرکے استعمال کرے اس کے بعدزید اس سے نکاح کرلے اب اس کی بیوی واٹس ایپ چلاتی رہے  طلاق واقع نہ ہوگی
یہ صورت اس وقت ہے جب کہ اس سے پہلے دوطلاق نہ دیا ہو ورنہ واٹس ایپ انسٹال کرتے ہی یا ایک طلاق دیتے ہی فورا تین طلاقیں ہوجائیں گی اب سوائے حلالہ کے حلال نہ ہوگی
فتاویٰ عالمگیری میں ہے:
*اذاحلف بثلاث تطلیقات ان لایکلم فلانا فالسبیل ان یطلقھا واحدۃ بائنۃ ویدعھا حتی تنقض عدتھا ثم یکلم فلانا ثم یتزوجھا
(397/6)
اعلی حضرت قدس سرہ العزیز تین طلاق سے بچنے کا حیلہ بیان فرماتے ہیں:
*ایک بار کا واقعہ ہے کہ ایک واعظ کو غصہ آیا تو یہ لفظ عین غضب میں اس نے منہ سے نکالا کہ جوکوئی اس بستی میں وعظ کرے اس کی جوروپرطلاق ہے جوکوئی اس بستی میں وعظ کرے خودکی نیت کی تھی لیکن تین یا دوکے لفظ منہ سے نہ نکالا اور تین کی نیت نہ کی تھی اوروہ مسلمان سب لوگ مل کر واعظ کے پاس عاجزی سے کہتے ہیں کہ تم واعظ کروپس واعظ کہتاہے کہ اگرمیں وعظ کروں تومیری بیوی مطلقہ ہوتی ہے میں ہرگزوعظ نہ کروں گا*
تو اس کے جواب میں آپ نے فرمایا۔
*اگرتین طلاق کی نیت کی تھی تواگرچاہے تویہ حیلہ ممکن ہے کہ عورت کو ایک طلاق دے جب عدت گذرجائے اورعورت نکاح سے نکل جائے اس وقت وعظ کہے پھرعورت سے نکاح کرلے اوروعظ کہتارہے طلاق نہ پڑے گی*
*یہ صورت اس تقدیر پرہیں کہ اس سے پہلے کبھی اس عورت کو دوطلاقیں مجموع خواہ متفرق نہ دے چکاہوورنہ وعظ کہتے ہی یاقبل وعظ ایک طلاق دیتے ہی فورا تین طلاقیں ہوجائیں گی اب سوا حلالہ کے کوئی علاج نہ ہوگا*
(فتاویٰ رضویہ۔قدیم  ملخصا 787/5)

واللہ اعلم باالصواب

کتبہ
المعتصم بذیل سیدالمرسلین صلی اللہ علیہ وسلم
العبدالمذنب الفقیر محمد زاہد حسین الامجدی
خادم التدریس والافتاء
دارالعلوم رضائے مصطفے مچپکونی سیتامڑھی بہار
14–اکتوبر…2023… مطابق…29… ربیع النور شریف…1445ھ…شب یکشنبہ
ناشر
جلال الدین احمد امجدی نعیمی ارشدی خادم جامعہ گلشن فاطمہ للبنات پیپل گاؤں نائیگاؤں ضلع ناندیڑ مہاراشٹر الھند

Share and Enjoy !

Shares
Scroll to Top