غیر مدخولہ کو طلاق دے دی اور اسی سے نکاح کرلیا تو کیا حکم ہے؟
مسئلہ: از محمد اسرائیل رضوی مدرسہ حشمت العلوم گائے ڈیہہ پوسٹ چمروپور گونڈہ
بکر کی شادی ہوئی ہندہ کے ساتھ اور ہندہ ابھی غیرمدخولہ تھی کہ بکر نے طلاق دے دی پھر ہندہ راضی ہو گئی۔ میں رہوں گی تو بکر کے ساتھ ہی رہوں گی دوسرے کے ساتھ میرا نکاح نہ کیجئے تو دریافت طلب امر یہ ہے کہ بکر بغیر حلالہ کے دوبارہ ہندہ کو نکاح میں لا سکتا ہے یا نہیں؟ اگر نہیں لا سکتا بغیر حلالہ کے‘ تو حامد نے ہندہ کا نکاح بکر کے ساتھ کر دیا بغیر حلالہ کے‘ تو یہ نکاح درست ہوا یا نہیں اگر نہیں تو حامد کے لئے کیا حکم ہے؟
الجواب: بکر نے اگر طلاق مغلظہ نہیں دی تھی تو وہ بغیر حلالہ ہندہ سے دوبارہ نکاح کر سکتا ہے اس صورت میں حامد پر کوئی جرم نہیں اور اگر اس نے طلاق مغظلہ دی تھی تو بغیر حلالہ کے وہ ہندہ سے دوبارہ نکاح نہیں کر سکتا۔
قال اللّٰہ تعالٰی فَاِنْ طَلَّقَہَا فَلاَ تَحِلُّ لَہٗ مِنْم بَعْدُ حَتّٰی تَنْکِحَ زَوْجًا غَیْرَہٗط (پ ۲ ع ۱۳)
اس صورت میں بکر کا نکاح ہندہ کے ساتھ بغیر حلالہ پڑھنے والا حامد سخت گنہگار ہوا اس پر لازم ہے کہ نکاح مذکور کے ناجائز ہونے کا اعلان عام کرے علانیہ توبہ واستغفار کرے اور نکاحانہ پیسہ بھی واپس کرے اگر وہ ایسا نہ کرے تو سب مسلمان اس کا بائیکاٹ کریں۔
قال اللّٰہ تعالٰی: وَاِمَّا یُنْسِیَنَّکَ الشَیْطٰنُ فَـلَا تَقْعُدْ بَعْدَ الذِّکْرٰی مَعَ الْقَوْمِ الظّٰلِمِیْنَo (پ ۷ ع ۱۴) وھو سبحانہ وتعالیٰ اعلم بالصواب
کتبہ: جلال الدین احمد الامجدی
۲۸؍ شوال المکرم ۱۴۰۲ھ
(فتاوی فیض الرسول،ج:۲،ص:۱۲۹)
ناشر
جلال الدین احمد امجدی نعیمی ارشدی خادم جامعہ گلشن فاطمہ للبنات پیپل گاؤں نائیگاؤں ضلع ناندیڑ مہاراشٹر الھند