قرآن پاک بلند آواز سے تلاوت کرنا کیسا ہے؟اگر کوئی بہ نیت ثواب سورۂ یٰسین و سورۂ ملک تلاوت کر کے صبح و شام ایصال ثواب کرے تو کیسا ہے؟سورۂ یٰسین و سورۂ ملک کے فضائل و برکات کیا ہیں؟بیوی کو غیر مرد کے ساتھ بوس و کنار کرتے دیکھا تو مار کر نکالنے سے کیا وہ نکاح سے نکل گئی اور اس کے نفقہ کا کیا حکم ہے؟روزہ دار اپنے جسم میں دن میں تیل کی مالش کر سکتا ہے یا نہیں؟

قرآن پاک بلند آواز سے تلاوت کرنا کیسا ہے؟
اگر کوئی بہ نیت ثواب سورۂ یٰسین و سورۂ ملک تلاوت کر کے صبح و شام ایصال ثواب کرے تو کیسا ہے؟
سورۂ یٰسین و سورۂ ملک کے فضائل و برکات کیا ہیں؟
بیوی کو غیر مرد کے ساتھ بوس و کنار کرتے دیکھا تو مار کر نکالنے سے کیا وہ نکاح سے نکل گئی اور اس کے نفقہ کا کیا حکم ہے؟
روزہ دار اپنے جسم میں دن میں تیل کی مالش کر سکتا ہے یا نہیں؟

مسئولہ: محمد عثمان، مکند نگر، متصل ڈبز کمپنی، سین دھاراوی روڈ بمبئی نمبر
اول (۱) قرآن پاک بلند آواز سے تلاوت کرنا کیسا ہے؟
دوم(۲) اگر کوئی بہ نیت ثواب سورۂ یٰسین و سورۂ ملک تلاوت کر کے صبح و شام ایصال ثواب کرے تو کیسا ہے‘ اور سورۂ یٰسین و سورۂ ملک کے فضائل و برکات کیا ہیں؟ سوم(۳) ایک مسلمان نے اپنی منکوحہ بیوی کو غیرمرد سے بوس و کنار کرتے ہوئے دیکھ لیا اسی وقت اپنی بیوی کو مارا اور غیر مرد کو بھی مارا اور بیوی کو گھر سے نکال دیا اس حالت میں طلاق دینے کی ضرورت ہے یا نکاح سے نکل گئی اور کیا نان و نفقہ بھی دینا پڑے گا یا نہیں؟
چہارم(۴) روزہ دار اپنے جسم میں دن میں تیل کی مالش کر سکتا ہے یا نہیں؟
الجواب: بعون الملک الوھاب۔ (۱) مجمع میں سب لوگ بلند آواز سے قرآن مجید پڑھیں یہ حرام ہے اکثر تیجوں اور قرآن خوانی کی مجلسوں میں سب بلند آواز سے پڑھتے ہیں یہ حرام ہے اگر چند شخص پڑھنے والے ہوں تو حکم ہے کہ آہستہ پڑھیں۔ (بہار شریعت) اور بازار وغیرہ میں جہاں لوگ کام کر رہے ہیں بلند آواز سے پڑھنا جائز نہیں کہ لوگ نہ سنیں گے تو گناہ پڑھنے والے پر ہے اگرچہ کام میں مشغول ہونے سے پہلے اس نے پڑھنا شروع کر دیا ہو اور اگر وہ جگہ کام کرنے کے لئے مقرر نہ ہو تو اگر پہلے پڑھنا اس نے شروع کیا اور لوگ نہیں سنتے تو لوگوں پر گناہ اور اگر کام شروع ہونے کے بعد اس نے پڑھنا شروع کیا تو اس پر گناہ۔ (بہار شریعت بحوالہ غنیہ)
سورۂ یٰسین اور سورۂ ملک وغیرہ کسی بھی سورت کو تلاوت کر کے ایصال ثواب کرنا جائز و مستحسن ہے‘ اور سورۂ یٰسین کی حدیث شریف میں بہت فضیلت آئی ہے ترمذی اور دارمی کی حدیث ہے کہ جو شخص سورۂ یٰسین کو پڑھے اس کے لئے دس قرآن پڑھنے کا ثواب لکھا جاتا ہے‘ اور بیہقی شریف کی حدیث ہے کہ جو شخص محض خداتعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے سورۂ یٰسین پڑھے تو اس کے اگلے گناہ معاف کئے جاتے ہیں اور سورۂ ملک کی بھی بہت فضیلت آئی ہے شامی جلد اوّل ص ۵۷۲ میں ہے: جو شخص ہر رات سورۂ ملک پڑھے گا وہ قبر میں منکر نکیر کے سوال سے محفوظ رہے گا۔ ا ھ۔ وھو تعالٰی اعلم۔ (۳) صرف مارنے پیٹنے سے عورت نکاح سے نہیں نکلتی اگر عورت مذکور کو نہ رکھنا چاہے تو طلاق دینا ضروری ہے‘ اور ختم عدت تک شوہر پر نان و نفقہ لازم ہے۔
(۴) کر سکتا ہے کوئی مضائقہ نہیں۔ وھو تعالٰی اعلم۔

کتبہ: جلال الدین احمد الامجدیؔ
۵؍ ذی القعدہ ۱۳۹۷؁ھ
(فتاوی فیض الرسول،ج:۱،ص:۲۵۰/۲۴۹)
ناشر
جلال الدین احمد امجدی نعیمی ارشدی خادم جامعہ گلشن فاطمہ للبنات پیپل گاؤں نائیگاؤں ضلع ناندیڑ مہاراشٹر الھند

Share and Enjoy !

Shares
Scroll to Top